25 اگست 2026 - 16:03
تکفیریوں کو ایرانی فوج کے کمانڈر کی وارننگ؛ ایران کی سرحدوں سے دور رہیں

ایرانی بری فوج کے کمانڈر نے سرحد پار موجود تکفیری گروہوں اور مخالف عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی سرحدیں ہماری ریڈ لائن ہیں، سرحدوں کے خلاف کسی بھی قسم کی نقل و حرکت، شرپسندی یا کارروائی کا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایرانی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی جہان شاہی نے ملک کے شمال مشرقی سرحدی علاقوں کے دورے اور فوجی تیاری، دفاعی صلاحیت اور سرحدوں پر فوجی یونٹس کی تعیناتی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج مکمل انٹیلی جنس نگرانی کی صلاحیت کے ساتھ سرحد پار دشمن کی تمام نقل و حرکت پر چوبیس گھنٹے نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مکمل انٹیلی جنس نگرانی کے باعث دشمن کے زمینی جنگی منصوبوں کی مؤثر کارروائی سے قبل ہی نشاندہی کرکے انہیں ناکام بنایا جا رہا ہے اور دشمن کو اسلامی جمہوریہ ایران کی سرحدوں کے قریب اپنے مقاصد پر عمل درآمد کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

ایرانی بری فوج کے کمانڈر نے شمال مشرقی سرحدوں پر بری فوج کے یونٹس کی اعلیٰ سطح کی تیاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرحدوں پر متحرک حملہ آور اور فوری ردعمل دینے والے یونٹس کی تعیناتی، مسلح افواج کی ہمہ گیر تیاری کے ساتھ مل کر دشمن کے خطرات کے خلاف مؤثر دفاعی رکاوٹ کا باعث بنی ہے۔

بریگیڈیئر جنرل جہان شاہی نے مزید کہا کہ آج ملک کی سرحدوں پر ایرانی بری فوج کے تمام یونٹس کی صلاحیتیں اور وسائل عوام کی سلامتی، اسلامی جمہوریہ ایران کی سرحدوں کے تحفظ اور ہر قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ہم کسی دشمن کو سرحدی علاقوں میں رہنے والے شہریوں اور ایرانی عوام کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے حالیہ جنگ میں ایرانی بری فوج کی ڈرون صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بری فوج نے ڈرون ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور حالیہ جنگ کے دوران بھی آرش حملہ آور ڈرونز کے ذریعے خطے میں موجود امریکی افواج کے اہداف اور اڈوں کو درست نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی بری فوج کے کمانڈر نے سرحد پار موجود تکفیری گروہوں اور مخالف عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا جو ملک کی سرحدوں کے قریب بدامنی پھیلانے اور دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سرحدوں کے خلاف کسی بھی قسم کی نقل و حرکت، شرپسندی یا کارروائی کا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

بریگیڈیئر جنرل جہان شاہی نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی جارحیت یا تجاوز کی صورت میں ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے تمام ٹھکانوں اور اڈوں کو ایرانی بری فوج کے ڈرون اور توپ خانے کی صلاحیتوں کی زد میں لایا جائے گا اور مسلح افواج کی جانب سے کسی بھی خطرے کا جواب فوری، درست اور دشمن کو پچھتاوے پر مجبور کرنے والا ہوگا۔

انہوں نے ایرانی بری فوج کے یونٹس کو جدید ہتھیاروں اور دفاعی سازوسامان سے لیس کیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج بری فوج اپنی بلند ترین جنگی تیاری کی سطح پر ہے اور جدید ہتھیاروں و سازوسامان سے استفادہ کرتے ہوئے ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے دشمن کے خلاف واضح عملی منصوبہ رکھتی ہے۔

ایرانی بری فوج کے کمانڈر نے آخر میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سرحدیں مسلح افواج کی ریڈ لائن ہیں اور اسلامی ایران کی مقدس سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت یا تجاوز کا ماضی کے مقابلے میں زیادہ طاقتور جواب دیا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha